علیمہ خان کا الزام: "سکندر سلطان راجہ کی مدت ختم، مگر انہیں الیکشن مینجمنٹ کے لیے بٹھایا گیا ہے”

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان نے موجودہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ان کی آئینی مدت ختم ہو چکی ہے، لیکن پھر بھی انہیں عہدے پر محض الیکشن مینجمنٹ کے لیے برقرار رکھا گیا ہے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آئینی طور پر نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے اپوزیشن سے مشاورت ضروری ہے، لیکن یہ عمل جان بوجھ کر مؤخر کیا جا رہا ہے تاکہ مخصوص سیاسی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "غیر آئینی چیف الیکشن کمشنر کے کرشمات عوام نے سمبڑیال میں دیکھ لیے ہیں"، اور یہ سب کچھ ایک منظم الیکشن انجینئرنگ کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ سکندر سلطان راجہ کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری 2020 میں ہوئی تھی، اور ان کی مدت رواں برس مکمل ہو چکی ہے۔ تاہم، اب تک حکومت کی طرف سے ان کی تبدیلی یا نئے نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق، موجودہ صورتحال نہ صرف آئینی خلا کو جنم دے رہی ہے بلکہ آئندہ انتخابات کی شفافیت پر بھی سوالات اٹھا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں