گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا اور بعض غیر ملکی ذرائع ابلاغ پر یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ سعودی عرب اپنی سرزمین پر الکوحل (شراب) کو قانونی حیثیت دینے جا رہا ہے۔ تاہم، سعودی حکام نے اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مملکت کی اسلامی اقدار اور شریعت پر مبنی قوانین میں کسی قسم کی ایسی نرمی کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔
سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ ایسی جھوٹی خبریں نہ صرف عوام کو گمراہ کرتی ہیں بلکہ مملکت کے مذہبی اور سماجی اصولوں کے خلاف ایک مذموم پروپیگنڈہ ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں الکوحل پر مکمل پابندی ہے، اور اس قانون کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں مقرر ہیں۔ اس تردید سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ سعودی وژن 2030 کے تحت ہونے والی اصلاحات کا دائرہ کار ثقافتی اور سیاحتی ترقی تک محدود ہے، نہ کہ مذہبی اصولوں میں تبدیلی تک۔
حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تصدیق شدہ ذرائع سے ہی خبروں پر یقین کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔